مستونگ میں پولیس ٹرک پر بم حملہ، بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 اہلکار شہید

مستونگ / مانیٹرنگ ڈیسک: مستونگ کے علاقے شمس آباد کے قریب پولیس کے ٹرک کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے تین جوان شہید اور 16 زخمی ہوگئے، جن میں دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔



ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر زخمیوں اور شہداء کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق یہ دھماکا کنڈ مسوری کے قریب ہوا، جہاں آر ٹی سی قلات سے کوئٹہ جانے والے پولیس ٹرک کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔

واقعے کے بعد بولان میڈیکل کمپلیکس اور سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور حکومت شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔