کنٹینر مسافر کوچ پر گر گیا، کئی قیمتی زندگیاں چلی گئیں

پشاور/ مانیٹرنگ ڈیسک:کرک انڈس ہائی وے پر کنٹینر مسافر کوچ پر الٹنے  سےدس  افراد جاں بحق ہو گئے، اموات میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔



تفصیلات کے مطابق افسوسناک حادثہ دربار ہوٹک کے قریب پیش آیا جہاں ایک بھاری کنٹینر، میران شاہ سے پشاور جانے والی کوچ پر جا گرا۔ واقعہ پرانا ایس این جی پی ایل کے مقام پر پیش آیا۔ حادثے کے فوری بعد قریبی شہری، پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے کنٹینر کے نیچے دبے مسافروں کو نکال کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں اب تک 6 افراد کی شناخت ہو چکی ہے۔ کوچ میں کل 16 مسافر سوار تھے، جن میں سے 10 موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور بچے بھی شامل ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں 3 افراد شدید زخمی ہیں جنہیں نازک حالت میں پشاور منتقل کیا گیا ہے۔ واقعے کی سنگینی کے پیش نظر ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔