پی ایس ایل چھوڑ کر آئی پی ایل کھیلنے والے جنوبی افریقی کرکٹر اپنے فیصلے پر پچھتانے لگے

لاہور / مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقی آل راؤنڈر کوربن بوش پر ایک سال کے لیے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، کوربن بوش نے پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن سے اپنے دستبردار ہونے کے فیصلے پر پچھتاوا ظاہر کیا ہے۔



کوربن بوش نے اپنے بیان میں کہا، "پی ایس ایل سے دستبردار ہونے کا فیصلہ میرے لیے بہت تکلیف دہ ہے، اور میں پاکستانی شائقین اور پشاور زلمی کے مداحوں سے معذرت خواہ ہوں۔" انہوں نے مزید کہا کہ "پی ایس ایل ایک شاندار ٹورنامنٹ ہے اور مجھے سمجھ آتا ہے کہ میری اس حرکت سے شائقین کو بہت مایوسی ہوئی ہے۔"

آل راؤنڈر نے اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ "میں اپنے عمل کی مکمل جواب دہی کا اعتراف کرتا ہوں اور اس کے نتائج کو بھی تسلیم کرتا ہوں، جن میں ایک سال کی پابندی اور جرمانہ شامل ہے۔" انہوں نے یہ بھی کہا کہ "میں اس ناخوشگوار تجربے سے سیکھنے کی کوشش کروں گا اور امید ہے کہ آئندہ پی ایس ایل میں نئی توانائی کے ساتھ واپسی کروں گا۔"

یاد رہے کہ پی سی بی نے جنوبی افریقی کھلاڑی پر پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن (11ویں سیزن) میں شرکت کی پابندی عائد کی ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اگلے سیزن کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔ اس سے قبل، پی سی بی نے کوربن بوش کو پی ایس ایل کی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی پر قانونی نوٹس بھیجا تھا۔

کوربن بوش کو پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے ڈرافٹ میں ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتخب کیا تھا، تاہم انہوں نے پی ایس ایل کھیلنے کے بجائے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ممبئی انڈینز کو جوائن کر لیا تھا۔ اس کے بعد، پی ایس ایل 10 کے ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں پشاور زلمی نے کوربن بوش کی جگہ جنوبی افریقہ کے جار لنڈے کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتخب کیا تھا۔