معروف کامیڈین جاوید کوڈو انتقال کر گئے

  لاہور: معروف اسٹیج اور ٹی وی مزاحیہ اداکار جاوید کوڈو انتقال کرگئے۔خاندانی ذرائع کے مطابق، جاوید کوڈو طویل عرصے سے علیل تھے اور لاہور کے جنرل اسپتال میں زیر


 علاج تھے۔جاوید کوڈو نے اپنے منفرد چھوٹے قد کی بدولت شوبز میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے اسٹیج ڈراموں کے ساتھ ساتھ متعدد فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کے مشہور ڈراموں میں عینک والا جن اور آشیانہ شامل ہیں۔


گزشتہ برس دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ کئی بیماریوں کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں برین ہیمرج ہوا، جس کے باعث وہ فالج کا شکار ہوگئے، اس کے علاوہ انہیں دل کی بیماری بھی لاحق ہے اور پیٹ کی سرجری بھی ہو چکی ہے۔

اپنے انٹرویو میں انہوں نے فنکار برادری کے رویے پر بھی بات کی اور کہا کہ اگرچہ انہیں امید تھی کہ مشکل وقت میں ساتھی اداکار ساتھ دیں گے، مگر لگتا ہے کہ سب مہنگائی کے باعث خود بھی پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔