بھارتی پریمئیر لیگ میں میچ فکسنگ کے شکوک وشبہات پیدا ہو گئے

ممبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ممکنہ میچ فکسنگ اور مشتبہ سرگرمیوں کے پیشِ نظر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے تمام ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے۔



بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے ٹیم مالکان، کھلاڑیوں، کوچز، آفیشلز، سپورٹ اسٹاف اور کمنٹیٹرز کو متنبہ کیا ہے کہ ایک کاروباری شخصیت، جو حیدرآباد سے تعلق رکھتی ہے، ان کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی کوشش کر سکتی ہے۔ یہ شخصیت مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث رہ چکی ہے اور اس کے بکیز سے روابط بتائے گئے ہیں۔

آئی پی ایل کی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ نے خبردار کیا ہے کہ یہ شخص قیمتی تحائف، زیورات اور پرائیویٹ تقریبات کے ذریعے ٹیم کے افراد یا ان کے اہلِ خانہ کو متاثر کر کے اپنے قریب لانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اسے پہلے بھی ٹیم ہوٹلز اور میچز کے دوران ٹیم ممبرز کے آس پاس دیکھا گیا ہے۔

یونٹ نے ہدایت جاری کی ہے کہ کوئی بھی فرد اگر اس مشکوک شخص سے رابطے میں آتا ہے یا کسی بھی قسم کی پیشکش یا مشکوک حرکت کا مشاہدہ کرتا ہے تو فوری طور پر رپورٹ کرے۔ تمام ٹیموں اور کھلاڑیوں کو انتہائی محتاط رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔