بھیانک واقعہ، درجنوں پاکستانی موت کے منہ میں چلے گئے

 جامشورو: ٹرک کھائی میں گرنے سے 16 افراد جاں بحق، 25 سے زائد زخمی

جامشورو کی تحصیل تھانہ بولا خان کے علاقے میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا جہاں مسافروں سے بھرا ٹرک کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 25 سے زائد شدید زخمی ہوئے۔



پولیس کے مطابق واقعہ بلوچستان اور جامشورو کی سرحد پر واقع ٹونک چیک پوسٹ کے قریب پیش آیا۔ گندم کی کٹائی مکمل کرنے کے بعد بھیل برادری کے 40 سے زائد افراد بدین واپسی کے سفر پر تھے جب ان کا ٹرک اچانک کھائی میں جا گرا۔ ٹرک میں سوار گندم کی بوریاں بھی گر گئیں، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔

علاقے کے واحد طبی مرکز ٹونک اسپتال میں سہولیات کی شدید کمی کے باعث متعدد زخمی افراد بروقت علاج نہ ملنے کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ شدید زخمی بچوں کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا، جہاں مزید 4 بچے دوران علاج دم توڑ گئے۔

حادثے کی جگہ پہاڑی اور دشوار گزار ہونے کے باعث زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں چار سے پانچ گھنٹے کا وقت لگا، جس نے امدادی کارروائیوں کو مزید مشکل بنا دیا۔