راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) – راولپنڈی کے علاقے تھانہ دھمیال کی حدود میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر ایک بھائی نے فائرنگ کرکے اپنی بہن اور ایک نوجوان کو قتل کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کنول عرف لائبہ اور حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، مقتول نوجوان کا تعلق کلر سیداں سے تھا اور اس نے لڑکی کے لیے رشتہ بھی بھیجا تھا، تاہم لڑکی کے گھر والوں نے انکار کر دیا تھا۔ مقتولہ اپنے بھائی کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔
سی پی او راولپنڈی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ واقعے کی مکمل رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔