لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) – عید کی چھٹیاں لینا ایک نوجوان کی زندگی کا آخری فیصلہ بن گیا، مناواں کے علاقے میں مبینہ طور پر دکاندار کے وحشیانہ تشدد سے 18 سالہ ملازم جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول لڑکا ایک ملک شاپ پر ملازمت کرتا تھا اور عید کے دنوں میں چند اضافی چھٹیاں کی تھیں، جس پر دکان کے مالک نے طیش میں آ کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔
زخمی نوجوان کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مناواں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دکان کے مالک کو حراست میں لے لیا، جبکہ مقتول کے والد کی درخواست پر نامزد ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
واقعے پر اہلِ علاقہ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔