فیصل رحمان کا حیران کن انکشاف: "قائداعظم سے ملاقات کرچکا ہوں"پاکستان کے معروف اور سینئر اداکار فیصل رحمان نے حالیہ انٹرویو میں ایک چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بچپن میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح سے ملاقات کرچکے ہیں، جو ان کے ذہن میں آج بھی ایک خواب کی طرح تازہ ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کے دوران فیصل رحمان نے اپنی عمر، ابتدائی کیریئر اور چند معروف اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے کے تجربات پر گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بہت کم عمری میں شوبز میں آ گئے تھے اور قسمت نے ایسا ساتھ دیا کہ نوجوانی میں ہی مقبولیت حاصل کرلی۔ فیصل رحمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعدد عمر رسیدہ اداکاراؤں کے ساتھ بطور ہیرو کام کیا، لیکن جب آج ان سے ملاقات ہوتی ہے تو وہ ان سے کم عمر محسوس ہوتے ہیں، حالانکہ کسی نے مذاق میں بھی انہیں بیٹا نہیں کہا۔ انہوں نے خاص طور پر شبنم کے ساتھ کام کو مشکل قرار دیا کیونکہ وہ عمر میں ان سے بڑی تھیں اور فلم میں رومانی مناظر کی ادائیگی آسان نہ تھی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اپنی عمر بتانے سے گریز کرتے ہوئے دلچسپ انداز میں کہا کہ "میں بچپن میں قائداعظم سے مل چکا ہوں، اب لوگ خود اندازہ لگا لیں۔" میزبان کے 80 سالہ عمر کے اندازے پر انہوں نے کہا کہ وہ اس سے کم عمر ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب وہ قائداعظم سے ملے، تب ان کی عمر دو سال سے کچھ زیادہ تھی اور اگرچہ وہ ملاقات پوری طرح یاد نہیں، لیکن ایک خواب جیسا نقش ذہن میں اب بھی موجود ہے۔
یاد رہے کہ محمد علی جناح کا انتقال 11 ستمبر 1948 کو ہوا تھا۔