پی ایس ایل 10: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو بدترین شکست دے دی، 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 10 کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کوئٹہ کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو بالکل درست ثابت ہوا۔
ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 17 اوورز میں 89 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ کپتان محمد رضوان نے واحد مزاحمت کی اور ناقابل شکست 44 رنز بنائے، جبکہ باقی تمام بلے باز کوئٹہ کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئے۔ سلطانز کے 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ رضوان پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں "بیٹ کیری" کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بولنگ شاندار رہی، جہاں خرم شہزاد نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے ساتھ فہیم اشرف اور وسیم جونیئر نے دو، دو وکٹیں لے کر ملتان کی بیٹنگ کو بکھیر کر رکھ دیا۔
جواب میں کوئٹہ نے مطلوبہ ہدف انتہائی جارحانہ انداز میں حاصل کیا۔ اوپنرز فن ایلن اور سعود شکیل نے بغیر کسی دباؤ کے بیٹنگ کرتے ہوئے ساتویں اوور میں ہی 90 رنز کا ہدف مکمل کرلیا۔ فن ایلن نے 45 جبکہ سعود شکیل نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس فتح کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی، جبکہ ملتان سلطانز کو ایونٹ میں ایک اور مایوس کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔