صائم ایوب نے محمد عامر سے متعلق خبروں کی حقیقت واضح کردی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی کے اوپنر صائم ایوب اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر محمد عامر کے درمیان کسی قسم کی تلخ کلامی کی خبروں کو صائم نے بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان میچ کے دوران سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، لیکن صائم ایوب نے ایسی خبروں کو غلط اور من گھڑت قرار دیا ہے۔



صائم ایوب کے مطابق، "عامر بھائی میچ کے دوران زبردست گیندیں کروا رہے تھے، اور انہوں نے مجھے بہتر کھیلنے کے لیے کہا، جس پر تھوڑی مشکلات ہو رہی تھیں، لیکن کسی بھی قسم کی تلخی یا نازیبا الفاظ کا تبادلہ نہیں ہوا۔"
میچ کے بعد بھی دونوں کھلاڑیوں کو خوشگوار موڈ میں ایک دوسرے سے گفتگو کرتے ہوئے دیکھا گیا، جہاں محمد عامر نوجوان بلے باز کو اپنی بولنگ کے متعلق مشورے دے رہے تھے۔
یاد رہے کہ اس مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دی تھی۔