پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے ویلٹر ویٹ کیٹیگری کے مقابلے میں بھارتی حریف ایسورن کو شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی۔
تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں ہونے والی اس فائٹ میں عثمان وزیر نے پہلا راؤنڈ شروع ہوتے ہی بھرپور انداز میں حملے کیے، جس کے باعث بھارتی باکسر کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔ عثمان کے طاقتور مکوں کے سامنے ایسورن صرف ایک منٹ 41 سیکنڈز تک رنگ میں ٹھہر سکا اور ناک آؤٹ ہوگیا۔
یہ عثمان وزیر کی 17ویں انٹرنیشنل کامیابی ہے، اور وہ اب تک کسی بھی مقابلے میں شکست سے دوچار نہیں ہوئے۔ ان کی یہ جیت پاکستان کے اسپورٹس چینل "جیو سوپر" پر براہ راست نشر کی گئی۔
عثمان وزیر کی کامیابی پر گلگت بلتستان کے ضلع استور میں اُن کے آبائی گاؤں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور روایتی رقص کیا۔ عثمان کے والد نے کہا کہ ان کے بیٹے کی جیت صرف ان کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جیت ہے۔