راولپنڈی/ مانیٹرنگ ڈیسک: راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پاک فوج کے چار ریٹائرڈ اعلیٰ افسران نے عمران خان سے ملاقات کی اجازت کے لیے درخواست جمع کرادی۔
یہ درخواست وکیل احسن ایاز خان کے ذریعے اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ کی عدالت میں دائر کی گئی۔ ملاقات کے خواہشمند افراد میں میجر جنرل (ر) مسعود برقی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) زاہد اکبر، لیفٹیننٹ جنرل (ر) سکندر افضل اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) فاروق خان شامل ہیں۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کا بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ طویل عرصے سے تعلق رہا ہے، اور چند اہم قومی معاملات پر ان سے مشاورت ضروری ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عمران خان سے جلد از جلد ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ اہم ملکی معاملات پر بات چیت ممکن ہو سکے۔
عدالتی عملے نے ملاقات کی اجازت سے متعلق یہ درخواست وصول کرلی ہے۔