ممبئی (, مانیٹرنگ ڈیسک ) — بھارتی ٹیلی وژن کے مشہور کرائم ڈرامہ "سی آئی ڈی" میں اے سی پی پردھیومن کا تاریخی کردار اب شو کا حصہ نہیں رہا۔ اس بات کی تصدیق سی آئی ڈی کے تخلیق کاروں نے کر دی ہے۔
’کچھ تو گڑبڑ ہے دیا‘ اور ’دروازہ توڑو دیا‘ جیسے ڈائیلاگز گزشتہ 27 سال سے ناظرین کے ذہنوں پر نقش تھے اور اے سی پی پردھیومن کی شناخت بن چکے تھے، مگر اب یہ آوازیں مداحوں کو سننے کو نہیں ملیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، سی آئی ڈی کے نئے ایڈیشن کا پرومو نیٹ فلکس پر جاری کیا گیا ہے، جس میں اے سی پی پردھیومن کی موت کا منظر پیش کیا گیا ہے۔ پرومو میں ان کے خون آلود ہاتھ کے ساتھ ان کی مشہور انگوٹھی دکھائی گئی ہے۔
اسی دوران انسپیکٹر دیا کو آبدیدہ اور انسپیکٹر ابھیجیت کو حیران و پریشان دیکھا جا سکتا ہے۔ اس پرومو کے بعد ناظرین نے شدید مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ کردار سی آئی ڈی کی روح ہیں، ان کے بغیر شو ادھورا محسوس ہوگا۔
کچھ شائقین کو امید تھی کہ شاید یہ منظر حقیقت نہ ہو، مگر چینل نے باضابطہ طور پر اعلان کر دیا ہے کہ آنے والی اقساط میں اے سی پی پردھیومن موجود نہیں ہوں گے۔ ساتھ ہی ان کی ایک یادگار تصویر بھی شیئر کی گئی ہے تاکہ ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔