خوشدل شاہ افغان تماشائی سے الجھ پڑے

ماؤنٹ مونگا نوئی/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرے ون ڈے میچ کے دوران قومی کرکٹر خوشدل شاہ مبینہ طور پر ایک افغان تماشائی سے الجھ پڑے، جس نے پاکستانی ٹیم کو نازیبا الفاظ کہے۔



ذرائع کے مطابق، تماشائی نے پشتو زبان میں پاکستان ٹیم کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کیے، جس پر خوشدل شاہ نے اسے روکنے کی کوشش کی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ٹیم مینجر اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ شخص افغان شہری تھا، اور یہ واقعہ سنگین نوعیت کا ہے۔ ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ خوشدل شاہ کو مکمل سپورٹ حاصل ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق، پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے کرکٹر کے ساتھ بدسلوکی کی شدید مذمت کی ہے اور بتایا ہے کہ مذکورہ تماشائی نے میدان میں موجود کھلاڑیوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔ خوشدل شاہ کے منع کرنے پر افغان تماشائی نے مزید نامناسب الفاظ ادا کیے، اور دو افغان شائقین نے ان سے ہاتھا پائی کی کوشش بھی کی۔ پاکستانی ٹیم کی شکایت پر ان دونوں تماشائیوں کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا گیا۔