محمد رضوان اور کولن منرو کو بھاری جرمانہ کر دیا گیا

ملتان / مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں سیزن کے 13ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کے درمیان گراؤنڈ میں تلخ کلامی مہنگی پڑ گئی، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دونوں کھلاڑیوں پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔



ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس مقابلے میں ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے، تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ نے اندریس گوس اور کولن منرو کی شاندار بلے بازی کے باعث ہدف 17 گیندیں پہلے ہی حاصل کر لیا۔ دوسری اننگز کے 10ویں اوور میں اس وقت کشیدگی پیدا ہوئی جب کولن منرو نے افتخار احمد کو ایک چوکا مارا، لیکن اگلی دو گیندوں پر ناکامی کے بعد افتخار کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض کیا۔ افتخار احمد نے کوئی جواب نہ دیا بلکہ سیدھا امپائر کے پاس شکایت لے کر چلے گئے۔

صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہو گئی جب محمد رضوان معاملے میں شامل ہوئے اور کولن منرو سے تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، جس پر منرو نے بھی ردعمل دیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی اس بحث کو امپائرز نے فوری طور پر مداخلت کرکے ختم کروایا۔

پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق، دونوں کھلاڑیوں نے کھیل کے ضابطے کی خلاف ورزی کی، جس پر پی سی بی نے دونوں پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔ بعدازاں، دونوں کھلاڑیوں نے امپائرز کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے آئندہ نظم و ضبط قائم رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ انتظامیہ نے تمام کھلاڑیوں کو یاد دہانی کروائی ہے کہ پی ایس ایل ایک بین الاقوامی معیار کی لیگ ہے جہاں سپورٹس مین اسپرٹ اور قوانین کی پاسداری نہایت ضروری ہے۔