کراچی / مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستانی کھلاڑی نور زمان نے انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کے مینز ایونٹ میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔کراچی میں ہونے والے فائنل میں نور زمان نے مصر کے کریم التورکی کو سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دی۔ وہ ابتدائی دو گیمز ہارنے کے بعد زبردست کم بیک کرتے ہوئے مسلسل تین سیٹس جیتنے میں کامیاب رہے۔
تقریب تقسیمِ انعامات میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ چیمپئن نور زمان کو 5,250 ڈالر انعام میں دیے گئے جبکہ رنر اپ کریم التورکی کو 3,450 ڈالر ملے۔ مجموعی طور پر چیمپئن شپ کی انعامی رقم 60 ہزار ڈالر تھی۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نور زمان نے کہا کہ دو گیمز ہارنے کے باوجود ان کا فوکس اپنے کھیل پر رہا، اور وہ آخر تک جدوجہد کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں ڈٹے رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس وقت خود کو پرسکون اور خوش محسوس کر رہے ہیں کیونکہ ان کی محنت رنگ لائی۔
صدر پاکستان اور وزیراعظم نے نور زمان کو فتح پر مبارکباد دی ہے۔ وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نور زمان جیسے باصلاحیت نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

