دوبئی ، کراچی/ مانیٹرنگ ڈیسک: عید الفطر کے فوراً بعد ہی فلکیاتی ماہرین نے عید الاضحیٰ سے متعلق پیش گوئی جاری کر دی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے فلکیاتی ماہرین کے مطابق عید الاضحیٰ 6 جون 2025 بروز جمعہ کو منائے جانے کا امکان ہے۔
ایمریٹس آسٹرونومی سوسائٹی کا کہنا ہے کہ 27 مئی کی شام کو ذی الحج کا چاند دکھائی دینے کی توقع ہے، اور اگر ایسا ہوا تو 28 مئی سے ذی الحج کا آغاز ہوگا۔ اماراتی وقت کے مطابق چاند صبح 7:02 پر طلوع ہوگا اور سورج غروب ہونے کے بعد تقریباً 38 منٹ تک آسمان پر موجود رہے گا، جس سے چاند کی رویت کے امکانات روشن ہو جاتے ہیں۔
ایمریٹس آسٹرونومی سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان نے وضاحت کی ہے کہ حتمی فیصلہ چاند کی مقامی رویت کی بنیاد پر ہی کیا جائے گا۔
سرکاری تعطیلات کے شیڈول کے مطابق، متحدہ عرب امارات میں یومِ عرفہ اور عید الاضحیٰ کی چھٹیاں 9 سے 12 ذی الحج (1445 ہجری) تک ہوں گی، یعنی مجموعی طور پر 4 دن کی تعطیلات ہوں گی۔
پاکستان میں عید الاضحیٰ کی متوقع تاریخ
ادھر پاکستان کے فلکیاتی ماہرین نے ابتدائی چاند نظر آنے کے حسابات کی بنیاد پر پیش گوئی کی ہے کہ ملک میں عید الاضحیٰ 7 جون 2025 بروز ہفتہ کو ہونے کا امکان ہے۔
تاہم، اس حوالے سے حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے ذی الحج کا چاند نظر آنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔