دوبئی/مانیٹرنگ ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے میچز میں بیٹرز اور بولرز کے درمیان توازن قائم رکھنے کے لیے دو گیندوں کے استعمال کے موجودہ قانون میں تبدیلی پر غور کر رہی ہے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ہفتے ہرارے میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ میں ایک نئی تجویز زیرِ بحث آئی، جس میں کہا گیا کہ اننگز کے 35ویں اوور کے بعد صرف ایک گیند استعمال کی جائے گی۔ یہ تجویز سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کی سربراہی میں قائم آئی سی سی مینز کرکٹ کمیٹی نے پیش کی۔
اس تجویز کے تحت، اننگز کا آغاز حسبِ معمول دو گیندوں کے ساتھ ہی ہوگا، تاہم 34ویں اوور کے بعد فیلڈنگ سائیڈ کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ بقیہ اوورز کے لیے دونوں میں سے کسی ایک گیند کا انتخاب کرے، جبکہ دوسری گیند کو بطور اضافی گیند محفوظ رکھا جائے گا۔ ابتدا میں کرکٹ کمیٹی نے گیند تبدیل کرنے کی حد 25 اوورز تجویز کی تھی، لیکن اسے خود کمیٹی ارکان کی حمایت حاصل نہ ہو سکی۔ کرکٹ بورڈز کو اس تجویز پر اپنی آراء رواں ماہ کے آخر تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، اور اگر اتفاق رائے ہوگیا تو یہ قانون جولائی میں ہونے والی آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں منظور کیا جا سکتا ہے۔