کراچی/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز نے فلسطینی بچوں کی مدد کے لیے ایک باعزم اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم ہر چھکے اور ہر وکٹ پر ایک لاکھ روپے فلسطین چلڈرن ریلیف فنڈ کو عطیہ کرے گی۔
فرنچائز کے مالک علی ترین نے کہا کہ ملتان سلطانز صرف کھیل کا پلیٹ فارم نہیں بلکہ ہم اسے مثبت تبدیلی کے لیے استعمال کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق اس سیزن میں ہم فلسطینی بچوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر ریلیف فنڈ کو سپورٹ کریں گے، اور ہر چھکے اور ہر وکٹ پر ایک لاکھ روپے عطیہ دیں گے۔ علی ترین نے مزید کہا کہ ہماری نظر جہاں میدان میں بہترین کارکردگی پر ہے، وہیں انسانیت کے لیے ہمارا عزم بھی اتنا ہی مضبوط ہے۔ یہ قدم ایک بڑی مہم کی جانب ایک چھوٹا لیکن اہم آغاز ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔
اسی سلسلے میں ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے بھی اعلان کیا کہ ملتان سلطانز فلسطینی بچوں کی امداد کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، اور ہر چھکے اور وکٹ پر ایک لاکھ روپے فنڈ میں شامل کیا جائے گا۔

