ترکی کا جنگی سازو سامان سے لیس طیارہ پاکستان پہنچ گیا

 پشاور، کراچی (ویب ڈیسک) — پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ماحول میں، ترکیہ کی فضائیہ کا ایک C-130 ہرکولیس ملٹری ٹرانسپورٹ طیارہ 27 اپریل 2025 کو انقرہ سے جنگی ساز و سامان لے کر کراچی پہنچا۔ ذرائع کے مطابق یہ ترسیل پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے ایک وسیع تر معاہدے کا حصہ ہے۔ اگرچہ فوجی کارگو کی منتقلی کی تصدیق کر دی گئی ہے، تاہم بھیجے گئے سامان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔



خیبر میل کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاوہ چھ ترک C-130 طیارے اسلام آباد کے ایک فوجی اڈے پر بھی اترے ہیں، جو ترکیہ کی پاکستان کے ساتھ دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی علامت ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پہلگام حملے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔


کچھ رپورٹس کا کہنا ہے کہ یہ کھیپ موجودہ پاک بھارت تناؤ کا نتیجہ نہیں بلکہ ترکیہ کی جانب سے پاکستان کو پہلے سے جاری فوجی امداد کا تسلسل ہے۔ مزید برآں، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان ایئر فورس (PAF) نے بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پنسی، سکردو اور سوات کے اہم ہوائی اڈوں کو مکمل طور پر فعال کر دیا ہے اور جنگی فضائی گشت (CAP) بھی جاری ہے