راولپنڈی: مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے کی گئی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاک فضائیہ نے دشمن کے 2 جنگی طیارے مار گرائے ہیں جبکہ پاکستانی فضائیہ کے تمام طیارے بحفاظت اپنی پوزیشن پر موجود ہیں۔
برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت کا جدید رافیل طیارہ تباہ کیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی میں پاکستان کی فوج نے دشمن کا بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی نشانہ بنایا، جبکہ لائن آف کنٹرول کے دودنیال سیکٹر میں دشمن کی ایک اہم پوسٹ میزائل حملے میں مکمل طور پر تباہ کر دی گئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دو بھارتی طیارے گرائے ہیں اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کا جواب اسے بھرپور طریقے سے دیا جا رہا ہے۔