اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انتظامیہ نے تمام فرنچائزز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں کو فی الحال دبئی میں ہی قیام پذیر رکھیں۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پاک-بھارت سیز فائر کے حالیہ اعلان کے بعد کیا گیا ہے۔ پی ایس ایل منیجمنٹ نے فرنچائز مالکان سے رابطہ کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ صورتحال کی روشنی میں متبادل منصوبہ بندی جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی کھلاڑیوں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وہ ذہنی طور پر کسی بھی وقت اسلام آباد میں یکجا ہونے کے لیے تیار رہیں۔ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے آئندہ میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کرانے پر غور کیا جا رہا ہے، اور اس حوالے سے ابتدائی تیاریوں کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

