بھارتی فوج نے اپنے میڈیا کی جھوٹی مہم کا پردہ چاک کر دیا

 سری نگر/ مانیٹرنگ ڈیسک: بھارت میں میڈیا اور بعض صحافی، خصوصاً برکھا دت، کئی گھنٹوں سے یہ دعویٰ کر رہے تھے کہ پاکستانی ڈرونز بھارتی حدود میں پرواز کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان سیز فائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ برکھا دت نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا کہ جموں میں پاکستانی ڈرونز دیکھے اور پکڑے گئے ہیں، اور اسے مودی کی تقریر کے ردعمل سے جوڑا۔



تاہم بھارتی فوج نے ان تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ پاکستان کی طرف سے کسی ڈرون کی کوئی سرگرمی رپورٹ نہیں ہوئی۔ فوج کا کہنا ہے کہ صورتحال مکمل طور پر پُرامن اور کنٹرول میں ہے۔

قبل ازیں پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے بھی بھارتی میڈیا کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی سے متعلق خبروں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا تھا۔ ان ذرائع کے مطابق پاکستان کے کسی بھی ڈرون نے نہ تو لائن آف کنٹرول عبور کی ہے اور نہ ہی سرحد پار کی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا ہمیشہ کی طرح جھوٹے پروپیگنڈے میں مصروف ہے، جبکہ پاکستان سیز فائر کی مکمل پاسداری کر رہا ہے۔ اصل میں، بھارتی ڈرونز خود لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔