راولپنڈی کے علاقے ایئرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک 22 سالہ طالبہ کو اس کے کم سن بھائی کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنانے والے مجرم کو عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم سنا دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج افشاں اعجاز صوفی نے مجرم ارشد محمود عرف اچھو کو سزا سناتے ہوئے اسے دو لاکھ روپے جرمانہ اور پانچ لاکھ روپے متاثرہ فریق کو ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ تھانہ صدر بیرونی میں 20 جولائی 2024 کو متاثرہ لڑکی کی والدہ کلثوم مائی کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق وہ اپنے کام کے لیے دونوں چھوٹی بیٹیوں کو ساتھ لے گئی تھیں، جبکہ 22 سالہ بیٹی اور 9 سالہ بیٹا گھر پر موجود تھے۔ اس دوران ارشد عرف اچھو زبردستی گھر میں داخل ہوا اور لڑکی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی۔ شور مچنے پر ملزم فرار ہوگیا۔
عدالت نے مجرم کو سنگین جرم پر قرار واقعی سزا دیتے ہوئے حکم دیا کہ اُسے پھانسی دی جائے اور یہ سزا اس وقت تک نافذ العمل رہے گی جب تک وہ دم نہ توڑ دے۔