باکسنگ کی جنگ میں پاکستان نے بھارت کے دانت توڑ دیے

بنکاک / مانیٹرنگ ڈیسک: تھائی لینڈ میں منعقدہ پاک بھارت باکسنگ مقابلے میں پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارتی حریف کو شکست دے دی۔



رینکنگ فائٹ کے اس مقابلے میں شہیر آفریدی نے بھارتی باکسر ترجوت سنگھ باوا کو چوتھے راؤنڈ میں مات دے دی۔ تیسرے راؤنڈ کے دوران ہی بھارتی باکسر دباؤ کا شکار ہو گئے تھے، جس کے بعد چوتھے راؤنڈ میں ریفری نے انہیں مزید لڑنے سے روک دیا اور شہیر آفریدی کو فاتح قرار دے دیا۔ یہ مقابلہ مڈل ویٹ کیٹیگری میں ہوا، جہاں شہیر آفریدی نے اپنے کیریئر کی 18ویں فائٹ میں 16ویں فتح حاصل کی، جب کہ ایک مقابلے میں انہیں شکست اور ایک برابر رہا۔

اسی ایونٹ میں خواتین کے درمیان بھی مقابلے ہوئے، جہاں پاکستانی باکسر عالیہ سومرو نے تھائی حریف کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے زبردست کامیابی حاصل کی۔