خاتون سے تعلقات پر نوجوان کو رسی سے باندھ کر پانی میں ڈبونے کا معاملہ عجیب رخ اختیار کر گیا

 ڈیرہ غازی خان: نوجوان نے جرگے کے فیصلے پر پانی میں ڈالے جانے کی تردید کر دی، مقدمہ خارج کرنے کی درخواست

ڈیرہ غازی خان میں مبینہ طور پر خاتون سے تعلق کے الزام میں جرگے کے حکم پر نوجوان کو پانی میں ڈبونے کے واقعے پر نیا موڑ آ گیا ہے۔ متاثرہ نوجوان نے پولیٹیکل انتظامیہ کو بیان حلفی جمع کراتے ہوئے مقدمہ ختم کرنے کی اپیل کر دی ہے۔



ذرائع کے مطابق نوجوان نے بیانِ حلفی اور ویڈیو میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسے کسی نے زبردستی پانی میں نہیں ڈالا بلکہ وہ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ تالاب میں نہانے گیا تھا۔ اس موقع کی ویڈیو کسی نامعلوم شخص نے بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی، جس سے غلط تاثر پیدا ہوا۔

پولیٹیکل اسسٹنٹ کا کہنا ہے کہ نوجوان کا جمع کرایا گیا بیان عدالت میں پیش کیا جائے گا، اور اگر یہ جھوٹا ثابت ہوا تو نوجوان کے خلاف جھوٹا بیان دینے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس واقعے پر چند روز قبل یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ایک نوجوان کو جرگے کے حکم پر خاتون سے تعلقات کے الزام میں بے گناہی ثابت کرنے کی خاطر رسی سے باندھ کر گہرے پانی میں ڈالا گیا تھا، جس پر نوجوان نے جرگہ اراکین کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔