پی ایس ایل کے سب سے سنسنی خیز میچ کا فیصلہ ہو گیا

 لاہور/ مانیٹرنگ ڈیسک: پی ایس ایل 10: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے دی



پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 23ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے زبردست مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اس کامیابی کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آ گئی ہے، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلی گئی۔ یہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی لگاتار تیسری شکست ہے، اس سے قبل وہ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے ہاتھوں بھی ہار چکی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 158 رنز بنائے۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 39 جبکہ محمد نواز نے 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کائل میئرز 22، جیسن ہولڈر 14 اور حیدر علی 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے یہ ہدف 19.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ فتح میں کلیدی کردار حسن نواز نے ادا کیا، جنہوں نے 41 گیندوں پر ناقابل شکست 64 رنز اسکور کیے۔ رائیلی روسو نے 27، فن ایلن نے 20 اور محمد وسیم نے 16 رنز بنائے۔

اسلام آباد کی قیادت شاداب خان کی غیر موجودگی میں سلمان علی آغا نے کی۔ کوئٹہ کی جانب سے فہیم اشرف نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔