سات دہشتگرد ہلاک، لیفٹیننٹ سمیت تین سیکیورٹی اہلکار شہید

 راولپنڈی: خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والی دہشتگرد تنظیم "فتنۃ الخوارج" کے سات دہشتگرد مارے گئے، جبکہ ایک لیفٹیننٹ سمیت تین سکیورٹی اہلکار وطن پر قربان ہو گئے۔



پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 28 مئی کی شب شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں بھارتی سرپرستی میں موجود خوارج نے ایک چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی کے دوران شہید ہونے والوں میں 24 سالہ لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل (ضلع مردان کے رہائشی)، نائب صوبیدار کاشف رضا، لانس نائیک فیاقت علی اور سپاہی محمد حمید شامل ہیں جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ چترال کے علاقے میں ایک اور جھڑپ کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم ایک اور خوارج دہشتگرد کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔

بیان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشتگرد کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔ پاک فوج ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔