بشری بی بی کی وجہ سے عمران خان اور علی امین گنڈا پور میں جھگڑے کا انکشاف

اسلام آباد/ مانیٹرنگ ڈیسک: پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور رکن اسمبلی شیر افضل مروت نے انکشاف کیا ہے کہ جیل میں ملاقات کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور میں تلخ کلامی ہوئی ہے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کے دوران صحافی اور اینکر پرسن رؤف کلاسرا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور جیل میں عمران خان سے ملنے گئے تو عمران خان ان پر خاصے برہم ہوئے اور کہا کہ آپ نے بشریٰ بی بی کو دوبارہ جیل بھجوانے کی سازش کی ہے۔ 



جس پر رؤف کلاسرا نے ان سے پوچھا کہ یہ بات خان صاحب سے کس نے کہی تھی۔ جس پر شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کان بھرنے والے اور متنفر کرنے والے بہت سارے لوگ ہیں جو کان میں بات ڈال دیتے ہیں ۔ شاید خود بشریٰ بی بی نے کہا ہو۔ یا اور کئی ایسے لوگ ہیں جو لگائی بجھائی کرتے ہیں ۔ اس پر علی امین گنڈا پور خاصے دل برداشتہ ہوئے ۔انھوں نے وہیں پر خان صاحب کو کھری کھری سنا دیں ۔ جس پر خان صاحب انھیں سمجھانے لگ گئے ۔ لیکن آپ یہ دیکھیں کہ پارٹی کے لیے قربانیاں دینے والے اور مشکل وقت میں لیڈ کرنے والے لوگوں پر جب شک کیا جاتا ہے تو اس پر کیا گزرتی ہے یہ میں جانتا ہوں کیونکہ میں نے نو مئی کے بعد لوگوں کو گھروں سے نکال کر جلسےاور ریلیاں کی تھیں۔پھر۔میرے ساتھ کیا ہوا۔