اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر میں خوشگوار موسم کی خوشخبری سناتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، جس سے جاری شدید گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے، جب کہ شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، وزیرستان، کوہاٹ اور ہنگو میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح لکی مروت، باجوڑ، مہمند، کرک، خیبر، پشاور اور صوابی میں بھی بارش اور ژالہ باری کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جب کہ مردان، کرم، ڈی آئی خان اور بنوں بھی ممکنہ طور پر اس سلسلے سے متاثر ہوں گے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کے آثار نمایاں ہیں۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور منڈی بہاؤالدین میں بارش متوقع ہے، جبکہ گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور سیالکوٹ میں بھی ایسی ہی صورتحال رہے گی۔
لاہور، نارووال، ساہیوال، قصور، اوکاڑہ اور فیصل آباد سمیت ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، بہاولنگر اور بہاولپور میں بھی ژالہ باری اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔