لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے دوسرے ایلیمینیٹر لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ یہ میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔
لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز اسکور کیے۔ کوشل پریرا 61 اور محمد نعیم 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ عبداللہ شفیق نے 25، بھانوکا راجاپکشا نے 22 اور آصف علی نے 15 رنز بنائے۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 16ویں اوور میں صرف 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آغا سلمان نے 33 اور شاداب خان نے 26 رنز بنائے، تاہم باقی بلے باز ناکام رہے۔ قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور رشاد حسین نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اب لاہور قلندرز فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مدمقابل آئیں گے، جو 25 مئی بروز اتوار قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔