رانچی / مانیٹرنگ ڈیسک: ریاست بہار کے شہر موکاما میں ایک اسکول میں دیے گئے دوپہر کے کھانے سے 100 سے زائد طلبہ کی طبیعت خراب ہوگئی۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسکول کے شیف نے کھانے میں موجود مردہ سانپ کو نکال کر باقی کھانا بچوں کو دے دیا۔ نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کے مطابق یہ واقعہ غفلت کا نتیجہ تھا، جس کے باعث کھانے کے بعد بچوں کی طبیعت بگڑ گئی۔ رپورٹس کے مطابق اسکول میں 500 بچوں کو یہ کھانا فراہم کیا گیا، جن میں سے 100 سے زائد بیمار ہو گئے۔ متاثرہ بچوں کی حالت دیکھ کر مقامی افراد مشتعل ہوگئے اور سڑک بند کر کے شدید احتجاج کیا۔ دوسری جانب انسانی حقوق کمیشن نے ریاستی حکام سے بچوں کی صحت اور واقعے کی مکمل تفصیلات پر مبنی رپورٹ دو ہفتوں کے اندر طلب کر لی ہے۔