پاکستانی فضائی اڈوں پر بھارتی میزائل حملوں کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے بیاس کے علاقے میں براہموس میزائل ذخیرہ کرنے کی جگہ کو کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس وقت بھی بھارت کے مختلف مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور جوابی آپریشن پوری شدت سے جاری ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے رات گئے ایک بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے پاکستان کے تین اہم فضائی اڈوں پر میزائل فائر کیے، تاہم پاکستانی فضائی دفاعی نظام نے ان حملوں کو مؤثر طریقے سے ناکام بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی طیاروں نے نور خان ایئربیس، مرید ایئربیس اور شورکوٹ ایئربیس کو نشانہ بنایا، اور زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کچھ میزائل فضائی اڈوں کے قریب گرے مگر کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، جبکہ زیادہ تر میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں۔
