بھارت کا ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

 بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث اس سال ایشیا کپ کے انعقاد پر خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں بھارت نے ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے مردوں کے ایشیا کپ اور خواتین کے ایمرجنگ ایشیا کپ سے علیحدگی کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔


رپورٹس کے مطابق مردوں کا ایشیا کپ ستمبر میں کھیلا جانا تھا جبکہ خواتین کا ایمرجنگ ایشیا کپ جون میں سری لنکا میں شیڈول ہے۔
بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے اس فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ چونکہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اس وقت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ہیں، اس لیے بھارتی ٹیم ایسی کسی ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکتی جس کی قیادت پاکستانی وزیر کر رہے ہوں۔

عہدیدار کے مطابق خواتین کے ایمرجنگ ایشیا کپ سے دستبرداری کا زبانی طور پر اے سی سی کو آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر شیڈول مقابلوں کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔ بھارتی بورڈ مسلسل اپنی حکومت سے مشاورت کر رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے رسمی طور پر ابھی اے سی سی کو دستبرداری کے بارے میں مطلع نہیں کیا، تاہم ٹورنامنٹ سے علیحدگی کی تیاری جاری ہے۔

واضح رہے کہ اس سال ایشیا کپ بھارت میں منعقد ہونا تھا اور بھارت ہی اس ایونٹ کا دفاعی چیمپئن ہے۔