سان فرانسسکو: نیوزی لینڈ کے فن ایلن نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں ایک شاندار کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ انہوں نے امریکا میں جاری میجر لیگ کرکٹ کے دوران اپنی دھواں دار اننگز میں 19 چھکے لگا کر یہ سنگ میل عبور کیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بیٹر کرس گیل کے پاس تھا جنہوں نے ایک اننگز میں 18 چھکے لگائے تھے۔ فن ایلن نے سان فرانسسکو یونیکورن کی جانب سے کھیلتے ہوئے واشنگٹن فریڈم کے خلاف صرف 51 گیندوں پر 151 رنز کی تباہ کن اننگز کھیلی۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں محض 49 گیندوں پر 150 رنز مکمل کر کے سب سے تیز 150 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
اس کے علاوہ، فن ایلن نیوزی لینڈ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے صرف 34 گیندوں پر ٹی ٹوئنٹی سنچری مکمل کی۔ یاد رہے کہ ایم ایل سی کے افتتاحی میچ میں سان فرانسسکو یونیکورن نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے اور جواب میں واشنگٹن فریڈم کی ٹیم 13.1 اوورز میں 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس میچ میں پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے سان فرانسسکو کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔