منڈی بہاوالدین/ مانیٹرنگ ڈیسک: پنجاب کے ضلع منڈی بہاالدین کے علاقے پھالیہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک غریب مزدور کی بیوی اور بہن کو بااثر اور مسلح افراد نے اغوا کیا۔ اغوا کے بعد ایک خاتون کو ویران کوٹھی میں لے جا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وسیم ریاض خان نے فوری کارروائی کا حکم دیا، جس کے نتیجے میں تین مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جب کہ ایک اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔
یہ دل دہلا دینے والا واقعہ مانو چک پل کے قریب پیش آیا جہاں متاثرہ خواتین کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر پنڈی کالو کے قریب ایک زیر تعمیر کوٹھی میں منتقل کیا گیا۔ متاثرہ خاتون کے شوہر جواد الحسن کی مدعیت میں تھانہ پھالیہ میں مقدمہ نمبر 595/25 درج کیا گیا جس میں اغوا اور زیادتی سے متعلق دفعات شامل کی گئیں۔ ایف آئی آر میں نامزد افراد میں علی حسن، دلاور شہزاد اور ساجد علی شامل ہیں۔ ڈی پی او کے مطابق متاثرہ خاندان کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، مقدمے کی شفاف تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو عبرت ناک سزا دلوانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ پولیس مزید شواہد اکٹھے کر رہی ہے اور دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مار رہی ہے۔

.jpg)