تل ابیب: اسرائیل ایران کے خلاف کارروائیاں چند روز میں ختم کرنے کا خواہاںاسرائیلی ذرائع ابلاغ نے باوثوق سکیورٹی حکام کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل ایران کے خلاف جاری جنگ کو آئندہ چند دنوں میں ختم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی جاری رکھنا فائدہ مند نہیں ہوگا۔ تاہم اسرائیلی فوج کے ترجمان نے جنگ کے خاتمے سے متعلق نہ تصدیق کی اور نہ ہی تردید کی۔
دوسری جانب اسرائیلی دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل جلد ایران پر حملے روک دے گا، کیونکہ وہ ایرانی حکومت کا نظام تبدیل کرنے اور اس کی قیادت کو ہٹانے کے اپنے مقاصد میں ناکام رہا ہے۔
البتہ دفاعی تجزیہ کاروں کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام پر کاری ضربیں لگانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اسرائیلی حکام اب اس کوشش میں ہیں کہ ایرانی اپوزیشن کو رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کو ہٹانے میں معاونت فراہم کی جائے۔