کیچ پکڑنے کے حوالے سے نیا قانون منظور

دوبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی جانب سے کی گئی نئی ترامیم کے بعد 'بنی ہاپ' طرز کے باؤنڈری کیچز کو غیر قانونی قرار دینے کے لیے ایک نیا ضابطہ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔



یہ نیا قانون رواں ماہ کے اختتام تک آئی سی سی کی پلیئنگ کنڈیشنز کا حصہ بن جائے گا، جبکہ ایم سی سی کے باقاعدہ قوانین میں اسے اکتوبر 2026 سے نافذ کیا جائے گا۔

نئے ضابطے کے مطابق اب کوئی بھی فیلڈر میدان سے باہر ہوا میں رہتے ہوئے صرف ایک بار گیند کو چھو سکتا ہے، تاہم اسے کیچ مکمل کرنے کے لیے واپس میدان کے اندر آنا ضروری ہوگا۔

ایم سی سی نے یہ ترمیم بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں ہونے والے کچھ متنازع واقعات کے بعد کی، جن میں برسبین ہیٹ کے کھلاڑی مائیکل نیسر نے سڈنی سکسرز کے بیٹر جارڈن سلک کو باؤنڈری پر ایک پیچیدہ اور بحث طلب کیچ کے ذریعے آؤٹ کیا تھا۔ اس واقعے میں نیسر نے باؤنڈری کے قریب گیند پکڑی، پھر باؤنڈری کے پار جا کر اسے ہوا میں اچھالا اور بعد میں دوبارہ ہوا میں رہتے ہوئے گیند کو قابو میں لے کر کیچ مکمل کیا، جس پر کرکٹ حلقوں میں خاصی بحث چھڑ گئی تھی۔