جنوبی افریقا نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

لندن  لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گئے فائنل کے چوتھے دن جنوبی افریقا نے اپنی اننگز 213 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی، جب کہ فتح کے لیے اُسے مزید 69 رنز درکار تھے۔ تاہم آغاز میں ہی کپتان ٹیمبا باووما صرف ایک رن کے اضافے کے بعد آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 66 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور ایڈن مارکرم کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ پر 147 رنز کی شراکت قائم کی، جس نے ٹیم کی بنیاد مضبوط کر دی۔ایڈن مارکرم کی 

بعد آنے والے بیٹر اسٹبس زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 8 رنز بنا کر 241 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ ڈیوڈ بیڈنگھم اور مارکرم نے اس کے بعد ٹیم کو کامیابی کے قریب پہنچایا، مگر جیت سے صرف 6 رنز پہلے مارکرم بھی آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 207 گیندوں پر 136 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے شامل تھے۔



فتح کے لیے درکار آخری 6 رنز بیڈنگھم اور ورینی نے مکمل کیے اور جنوبی افریقا کو 27 سال بعد کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ میں کامیابی دلائی۔ جنوبی افریقا نے 282 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ بیڈنگھم 21 اور ورینی 4 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاندار کارکردگی پر ایڈن مارکرم کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

یہ جنوبی افریقا کی آئی سی سی کی تاریخ میں دوسری بڑی فتح ہے۔ اس سے قبل وہ 1998 میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیت چکا ہے۔