اسلام آباد: سترہ سالہ سوشل میڈیا سٹار ثناء یوسف کو گزشتہ روز گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا ۔ جس کے بعد اسلام آباد پولیس نے کئی ٹیمیں تشکیل دے کر سی سی ٹی وی کیمروں اور موبائل لوکیشن جیسی ٹیکنالوجیز کو استعمال کرتے ہوئے فیصل آباد کے رہائشی عمر نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا ۔بائیس سالہ عمر نے ٹک ٹاکر ثناء کو مارنے کے بعد اس کا آئی فون بھی غائب کر دیا تھا تاکہ وہ موبائل ڈیٹا کے ذریعے پکڑا نہ جائے۔ پولیس نے گیارہ شہروں میں چھاپے مارنے کے بعد بالآخر فیصل آباد سے ملزم کو دھر لیا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم عمر نے بتایا کہ وہ ثنا سے دوستی کا خواہشمند تھا ۔ اس نے ثناء سے کئی بار رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ثناء نے ہر بار منع کیا۔ وقوعہ کے روز وہ اس کے گھر پہنچ گیا اور اس نے ثناء کو پھول دیے جس کے بعد اس نے گن نکال کر اوپر تلے دو گولیاں چلائیں جس سے سترہ سالہ سوشل میڈیا سٹار کی موت واقع ہوئی ۔ ثناء یوسف کو اس کے آبائی علاقے چترال میں نماز جنازہ کے بعد دفنا دیا گیا ہے ۔