گال، سری لنکا:بنگلہ دیش کے تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں کئی اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے آسٹریلیا کے لیجنڈ ایڈم گلکرسٹ کا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز مشفق الرحیم نے 163 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس اننگز کے دوران وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بغیر کوئی گیند کرائے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ایڈم گلکرسٹ کے پاس تھا جنہوں نے 17 سال پہلے 15,461 رنز بنا کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ مشفق نے اب 15,502 رنز کے ساتھ یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
اس فہرست میں جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک تیسرے نمبر پر ہیں جن کے رنز 12,654 ہیں، چوتھے پر انگلینڈ کے جوز بٹلر (11,881) اور پانچویں پر جونی بیئراسٹو (11,581) ہیں۔
اس کے علاوہ، مشفق الرحیم 38 سال اور 39 دن کی عمر میں ٹیسٹ سنچری بنانے والے بنگلہ دیش کے سب سے معمر بیٹر بن گئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے یونس خان کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے 2015 میں سری لنکا ہی کے خلاف 37 سال 216 دن کی عمر میں سنچری اسکور کی تھی۔
مشفق نے سری لنکن سرزمین پر بنگلہ دیش کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا قومی ریکارڈ بھی قائم کر دیا، جو اس سے قبل محمد اشرفل کے پاس تھا۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے سری لنکا کے دورے پر ہے، جہاں پہلے میچ کی دوسری اننگز میں کپتان نجم الحسین شانتو کے 148، لٹن داس کے 90 اور مشفق الرحیم کے 163 رنز کی بدولت مہمان ٹیم نے 9 وکٹوں پر 484 رنز بنالیے ہیں۔