کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں موبائل فون سگنلز اور واٹس ایپ سروس مایوس کن حد تک سست رفتار ہوچکی ہے اور صارفین کو رابطوں میں دشواری کا سامنا ہے۔ مشرقی بائی پاس اور نواح میں موبائل فون کمپنیوں کے یوفون اور زونگ کے ٹاور نصب ہونے کے باوجود سگنلز نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ جس سے نہ صرف گھریلو صارفین کو رابطوں میں مشکلات درپیش ہیں بلکہ کاروباری اور ملازمت پیشہ افراد بھی سخت تنگ ہیں ۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اب دفتری اور انتظامی معاملات کےلیے موبائل فون اور واٹس ایپ سروس ہمہ وقت ناگزیر ہیں لیکن صوبائی حکومت جہاں دیگر معاملات میں بدترین ناکامی کا سامنا کر رہی ہے وہاں پر ٹیکنالوجی کے اس زمانے میں موبائل فون سگنلز جیسی بنیادی سہولت بھی عوام کی پہنچ سے دور ہے۔ صارفین نے مزید کہا کہ رابطوں کا نظام فعال نہ ہونے کی وجہ سے ہر طرح کا کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہے۔ صارفین نے مزید کہا کہ حکومتی نا اہلی صوبے کو پتھر کے زمانے کی طرف دھکیل رہی ہے۔۔ ملک کے سب سے بڑے صوبے میں تعمیر وترقی کے بلند و بانگ دعووں سے لوگوں کو مزید اشتعال دلا کر بد دل کیا جا رہا ہے۔ صارفین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان ، چیف جسٹس ، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صوبائی حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔