ممبئی / مانیٹرنگ ڈیسک: بھارت کے مالیاتی مرکز ممبئی کی طرف جانے والے ایک کارگو جہاز پر متعدد دھماکے ہوئے، جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ اس واقعے کے نتیجے میں تقریباً 40 کنٹینرز بحیرہ عرب میں جا گرے، جبکہ جہاز کے کئی عملے کے ارکان کو شعلوں سے بچنے کے لیے سمندر میں کودنا پڑا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ، جو ڈان اخبار میں شائع ہوئی، کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ کی آفات سے نمٹنے کی اتھارٹی کے سیکریٹری شیکھر کوریاکوز نے بتایا کہ یہ حادثہ سنگاپور کے پرچم بردار جہاز ’WAN HAI 503‘ کو کیرالہ کے ساحل سے تقریباً 144 کلومیٹر دور پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاز پر موجود 22 افراد میں سے 18 نے خود کو بچانے کے لیے سمندر میں چھلانگ لگا دی، جنہیں ریسکیو کشتیوں کے ذریعے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ فی الحال جہاز ڈوبنے کے خطرے سے محفوظ ہے۔
بھارتی کوسٹ گارڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز سے گھنے کالے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں اور کچھ کنٹینرز بکھرے ہوئے ہیں۔ وزارتِ دفاع کے ترجمان نے بھی ’ایکس‘ پر تصدیق کی کہ جہاز میں آگ لگی ہوئی ہے اور وہ اب بھی سمندر میں تیر رہا ہے، تاہم ابھی تک دھماکوں کی وجوہات یا کنٹینرز میں موجود سامان کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔