ایران کا اسرائیل پر سپرسانک ’حاج قاسم‘ میزائلوں سے بڑا حملہ

 ایرانی میڈیا کے مطابق، ایران نے اسرائیل پر تازہ حملے میں جدید سپرسانک میزائل ’’حاج قاسم‘‘ بھی استعمال کیے، جن میں سے ہر ایک میں تقریباً 7 ٹن دھماکہ خیز مواد موجود تھا۔ یہ حملہ علی الصبح تل ابیب اور شمالی بندرگاہی شہر حیفہ سمیت کئی اہم علاقوں پر کیا گیا، جس میں بیلسٹک، ہائپرسونک میزائل اور ڈرونز شامل تھے۔ متعدد حساس مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

یہ کارروائی ہفتے کی رات ہونے والے حملے کے بعد ایران کی جانب سے ایک نیا اور شدید حملہ ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں کم از کم 8 اسرائیلی ہلاک جبکہ شمالی اسرائیل میں 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ تل ابیب کے قریب بیت یام کے علاقے میں عمارتوں کے ملبے تلے 35 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔



ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حیفہ میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور اسرائیلی جنگی طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے والی تنصیبات کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے جارحیت جاری رکھی تو مستقبل میں اس سے بھی زیادہ شدید اور تباہ کن حملے کیے جائیں گے۔ اسنا نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کے پاس اسرائیل کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے 9 مختلف اقسام کے میزائل موجود ہیں، جن کی رفتار 6,125 کلومیٹر فی گھنٹہ سے لے کر 17,151 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بتائی گئی ہے۔