بھارتی میڈیا کا ہانیہ عامر کی دولت سے متعلق چونکا دینے والا انکشاف

حال ہی میں جب بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے ہانیہ عامر کے ساتھ پنجابی فلم "سردار جی 3" کا ٹریلر جاری کیا، تو بھارتی میڈیا میں ایک ہلچل سی مچ گئی۔ اس کے بعد سے ہانیہ عامر خبروں کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کبھی ان پر تنقید کرتا ہے، تو کبھی ان کی صلاحیتوں کو سراہتا ہے۔

بھارتی انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ بالی وڈ لائف نے اپنی ایک رپورٹ میں ہانیہ عامر کی دولت اور طرزِ زندگی کے حوالے سے حیران کن دعویٰ کیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہانیہ کی مقبولیت صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بھارت، سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش میں بھی بہت زیادہ ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق ہانیہ عامر نہایت شاہانہ زندگی گزارتی ہیں، ان کا لباس، طرزِ رہائش اور گاڑیاں سب کچھ مہنگا اور پُرتعیش ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کے پاس آڈی کی ایک سے زائد مہنگی گاڑیاں موجود ہیں، جبکہ ان کی سالانہ آمدن تقریباً 50 کروڑ روپے تک جا پہنچتی ہے۔



رپورٹ میں یہ بھی شامل ہے کہ ہانیہ عامر اپنے شوبز کے کام سے ہر سال 43 کروڑ روپے تک کماتی ہیں، جبکہ اشتہارات اور برانڈز کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی اس کے علاوہ ہے۔ انہیں ٹی وی کی مقبول اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے، اور ایک ڈرامہ قسط کے لیے وہ تقریباً 4 لاکھ روپے کا معاوضہ لیتی ہیں۔

تاہم رپورٹ میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ ہانیہ عامر نے سردار جی 3 میں اپنے کردار کا کتنا معاوضہ لیا۔ یاد رہے کہ یہ فلم عالمی سطح پر 27 جون 2025 کو ریلیز ہوگی، لیکن بھارت میں اس کی نمائش نہیں کی جائے گی۔