پارا چنارہ میں دھماکہ ہو گیا ، جانی نقصان کی اطلاعات

 پاراچنار کے اپر کرم میں پیواڑ کے سرحدی گاؤں شرم خیل کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 4 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی لوگ لکڑیاں اکٹھا کرنے کے لیے پہاڑی علاقے کی جانب جا رہے تھے۔



ضلع کرم کے ڈی پی او حبیب اللہ کے مطابق، جاں بحق افراد میں نواب علی، عامر حسین، ہدایت حسین اور منظر علی شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں محمد قونین، شفاعت حسین، حسن غلام اور ایک اور فرد شامل ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال پاراچنار منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ان کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں پشاور ریفر کر دیا گیا۔

ڈی ایچ کیو اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ میر حسین نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ایک زخمی، حسن غلام، نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اور اس کے ساتھی جب پہاڑی علاقے کے قریب پہنچے تو اچانک بارودی سرنگ پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ وہ خود شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے میں دو گھوڑوں کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے۔

دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں۔ ڈی پی او کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

قبائلی مشران نے اس سانحے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے علاقے کے امن کو نقصان پہنچانے کی سازش قرار دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائیں اور عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے۔