کمالیہ: بھنڈی کی قیمتوں میں شدید کمی، کاشتکار اور تاجر پریشان
پنجاب کے شہر کمالیہ میں عیدالاضحیٰ کے دوران سبزی منڈیاں بند ہونے کے باعث بھنڈی کی قیمت زمین بوس ہو گئی۔ حال ہی میں 100 روپے فی کلو فروخت ہونے والی بھنڈی کی قیمت گھٹ کر صرف سوا روپے فی کلو رہ گئی، جبکہ بعض مقامات پر یہ نرخ 50 روپے فی من تک پہنچ گیا۔ تاہم، اس کم ترین قیمت پر بھی خریدار دستیاب نہیں، جس سے کاشتکار شدید مالی نقصان کا شکار ہو گئے ہیں۔
کمالیہ، جو بھنڈی کی پیداوار میں ملک بھر میں شہرت رکھتا ہے، اس وقت مشکلات کا سامنا کر رہا ہے کیونکہ روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں دوسرے شہروں کو بھنڈی پہنچانے والی تقریباً 300 گاڑیاں بند پڑی ہیں۔ شدید گرمی کے باعث بھنڈی 48 گھنٹوں میں خراب ہونے لگتی ہے، جسے عام طور پر برف لگا کر دوسرے شہروں کو روانہ کیا جاتا ہے، مگر عید کی تعطیلات کے دوران یہ سپلائی ممکن نہ ہو سکی۔ تاجروں کے مطابق کھیت سے منڈی تک رسد کے رکنے سے نہ صرف قیمتوں میں غیر معمولی کمی ہوئی بلکہ کاشتکاروں اور آڑھتیوں کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

