راولپنڈی: مانیٹرنگ ڈیسک/ راولپنڈی کے علاقے درکالی سیداں میں نامعلوم افراد نے ایک گھر پر دھاوا بول دیا اور فائرنگ کر کے سوتے ہوئے والد اور اس کے دو بیٹوں کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ جاتلی کی حدود میں پیش آیا جہاں حملہ آور رات کے وقت گھر میں داخل ہوئے اور تینوں افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، جب کہ جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔ سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے ایس پی صدر سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ پولیس نے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔