روس کے مشرقی ساحل پر 8.8 شدت کے شدید زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری

 غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق روس کے مشرقی علاقے کامچٹکا (Kamchatka) میں زبردست زلزلہ آیا، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 8.8 ریکارڈ کی گئی۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز پیٹروپاولوسک (Petropavlovsk) شہر کے مشرق میں تقریباً 136 کلومیٹر کے فاصلے پر اور زمین سے 19 کلومیٹر گہرائی میں واقع تھا۔



زلزلے کے بعد کامچٹکا کے مختلف ساحلی علاقوں میں 3 سے 4 میٹر بلند سونامی لہریں دیکھی گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کچھ افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ بعض عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ شدید زلزلے کے بعد سونامی کی 4 میٹر بلند لہریں روس کے سیویرو کوریلسک علاقے سے ٹکرا گئیں جس سے مزید نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئیں۔


سیویرو کوریلسک کے گورنر نے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ یہ زلزلہ 1952 کے بعد کامچٹکا ریجن میں سب سے طاقتور زلزلہ تصور کیا جا رہا ہے۔ روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس کی شدت 8.7 ریکارڈ کی گئی، اور ایک اسکول کی دیوار بھی گر گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ اسکول اس وقت خالی تھا۔


حکام نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ایک ماہ کے دوران مزید آفٹر شاکس آنے کا خدشہ ہے، جن کی شدت 7.5 تک ہو سکتی ہے۔ سونامی کے خطرے کے پیش نظر سیویرو کوریلسک ٹاؤن سے شہریوں کا انخلا جاری ہے۔


دوسری جانب، بحرالکاہل میں سونامی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے، جبکہ جاپان اور فلپائن نے بھی ہنگامی انتباہ جاری کیا ہے۔ امریکا نے کیلیفورنیا، واشنگٹن، اوریگن اور الاسکا سمیت برٹش کولمبیا کے لیے بھی سونامی کی وارننگ جاری کی ہے۔